اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز ہونے والی اس ملاقات میں امیر قطر نے تہران اور دوحہ کے تعلقات کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ قطر، علاقائی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کا حامی ہے- امیر قطر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ایران کی جانب سے ہمارے لئے کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا ہے اور ایران اور قطر کے تعلقات خوشگوار رہے ہیں- انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ علاقے کے بعض ملکوں نے صدام کی حمایت کی اور علاقے میں ایران - عراق جنگ کا باعث بنے، جس کے نتیجے میں دونوں ہی ملکوں کی قوموں کو شدید نقصان اٹھانا پڑا- انھوں نے کہا کہ ہم، علاقائی مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کئے جانے کے خواہاں ہیں- اس ملاقات میں مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کی توسیع اور علاقائی مسائل کے حل کی ضرورت پر تاکید کی- اس سے قبل ڈاکٹر لاریجانی نے اس سے قبل اپنے قطری ہم منصب محمد مبارک خلیفی کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور قطر کے درمیان ہمیشہ صلاح و مشورے کا عمل جاری رہا ہے اور فریقین کے درمیان بدھ کے روز ہونے والے مذاکرات بھی مفید اور تعمیری رہے ہیں- ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بدھ کے روز دوحہ میں نامہ نگاروں سے بھی گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ بعض طاقتور ممالک، علاقے میں اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں- انھوں نے کہا کہ حالیہ واقعات سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ تمام مسائل کو سیاسی طریقے سے مذاکرات کے ذریعے حل کئے جانے کی ضرورت ہے- انھوں نے علاقے کے مسائل میں اغیار کی مداخلت پر مخالفت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض ممالک، علاقے میں اختلافات پیدا کرکے، ان اختلافات سے اقتصادی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں اور اس لئے وہ، بحران کو ہوا بھی دینا چاہتے ہیں-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲